Share This Article
لاہور: جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی دوسری اننگز مشکلات کا شکار ہوگئی۔ قومی ٹیم کے پانچ بلے باز پویلین لوٹ گئے اور بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ میں نظر آئی۔
پہلی اننگز میں شاندار 93 رنز بنانے والے امام الحق اس مرتبہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ انہوں نے اسپنر سیمون ہارمر کی گیند کو روکنے کی کوشش کی مگر اسٹمپڈ ہو گئے۔ کپتان شان مسعود بھی اپنی پہلی اننگز کے 76 رنز کے بعد صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عبداللہ شفیق نے 41 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ بھی بڑی شراکت قائم نہ کر سکے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ بابر اعظم کی صورت میں 119 کے مجموعی اسکور پر گری، جنہوں نے 42 رنز بنائے۔ سعود شکیل نے مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ بھی 38 رنز بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے، یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 150 کے اندر پویلین لوٹ چکی تھی۔
اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے بعد پاکستان کو 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
دن کے آغاز پر جنوبی افریقہ نے 216 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز آگے بڑھائی۔ ٹونی ڈی ذورزی نے شاندار 104 رنز بنائے جبکہ سینورن متھوسوامی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی بولرز میں نعمان علی چھ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے، ساجد خان نے تین اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں امام الحق اور سلمان علی آغا نے 93، محمد رضوان نے 75 اور کپتان شان مسعود نے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
فی الحال دوسری اننگز میں پاکستان کو مستحکم پوزیشن حاصل کرنے کے لیے لوئر آرڈر بیٹرز سے اچھی کارکردگی درکار ہے۔
