Share This Article
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کے من گھڑت اور اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی فوج کی جانب سے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو چکا ہے، جس پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قیادت نے “معرکۂ حق” کے پانچ ماہ بعد دوبارہ بےبنیاد پروپیگنڈا دہرانا شروع کیا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ بھارت اپنی ناکامی تسلیم کرنے سے قاصر ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے باعث بھارتی فوج اور سیاسی قیادت نے اندرونی سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنایا ہوا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت “معرکۂ حق” میں شکست کو ہضم نہیں کر پایا، دنیا بھارت کو اب سرحد پار دہشتگردی اور علاقائی عدم استحکام کا اصل ذمہ دار سمجھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق، پاکستان کی مسلح افواج اور عوام اپنی دھرتی کے ہر انچ کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہیں۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور، فیصلہ کن اور فوری انداز میں دے گا — ایسا جواب جو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کے غیر ضروری گھمنڈ اور اشتعال انگیز بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا ہو سکتے ہیں، اور ایسے اقدامات علاقائی امن کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
