Share This Article
پشاور: خیبرپختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کی تقریب آج شام 4 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے وزیراعلیٰ ہاؤس کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گورنر فیصل کریم کنڈی پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنا سندھ کا دورہ مختصر کر کے گزشتہ شب پشاور پہنچ گئے تھے تاکہ عدالت کے حکم کے مطابق نو منتخب وزیرِاعلیٰ سے حلف لے سکیں۔
خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں گورنر کو آج شام 4 بجے تک حلف لینے کا حکم دیا تھا، اور ہدایت کی تھی کہ اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو اسمبلی اسپیکر کو حلف لینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے گورنر کو مراسلہ بھیج کر عدالتی فیصلے پر عمل کی یاد دہانی کرائی تھی۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ اگر گورنر نے تاخیر کی تو وہ خود نئے وزیرِاعلیٰ سے حلف لیں گے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی گزشتہ روز کراچی میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے، تاہم بلاول بھٹو نے انہیں ہدایت دی کہ وہ عدالتی فیصلے پر فوری عمل درآمد کے لیے پشاور روانہ ہوں۔
واضح رہے کہ پیر کے روز نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل پر اپوزیشن جماعتوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا، ان کا مؤقف تھا کہ سابق وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، لہٰذا نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب قانونی طور پر درست نہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈاپور نے اسمبلی فلور پر اپنا استعفیٰ دے دیا تھا، اس کے باوجود گورنر نے سہیل آفریدی سے حلف لینے میں تاخیر کی۔ عدالت نے معاملہ نمٹاتے ہوئے گورنر یا اسپیکر کو حلف لینے کا پابند کر دیا۔
