Share This Article
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور طویل عرصے تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہنے والے آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو تقریباً ایک ماہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ چند روز قبل ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی اور آج ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
آغا سراج درانی کے انتقال پر ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں آغا سراج درانی کی سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی مؤثر اور تاریخی کردار ادا کیا، ان کی سیاسی و عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے وفادار، اصول پسند اور مخلص رہنما تھے۔ انہوں نے سندھ اسمبلی کو مضبوط اور جمہوری روایات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہے، جبکہ مارچ سے اکتوبر 2022 کے دوران قائم مقام گورنر سندھ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
وہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے۔
1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی کے عہدے پر فائز رہے۔
آغا سراج درانی کا شمار شہید بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
