Share This Article
اسلام آباد:
پاکستان کی تیسری نجی ایئرلائن ایئر سیال (ایئر سیال) نے برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر فلائٹ آپریشن کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئرسیال نے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے پروازیں چلانے کی منظوری حاصل کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کیا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پانچ سالہ پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد مقامی فضائی کمپنیوں کے لیے یورپی فضاؤں میں دوبارہ اڑان بھرنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرسیال سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) اور ایئر بلو بھی برطانوی روٹس کے لیے اجازت حاصل کر چکی ہیں۔ اب ایئر سیال کی جانب سے اجازت نامے کے اجرا کے بعد تینوں پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں چلا سکیں گی۔
ایئر سیال کے فضائی آپریشن کے آغاز سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سہولت میسر آئے گی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سفری روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے ایوی ایشن سیکٹر میں صحت مند مسابقت پیدا ہوگی اور پاکستان کی فضائی صنعت کو عالمی سطح پر نئی شناخت ملے گی۔
