لاہور: جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرام نے لاہور ٹیسٹ میں شکست کے بعد کہا ہے کہ مشکل کنڈیشنز کے باوجود ان کی ٹیم نے بہترین فائٹ دکھائی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مارکرام نے کہا کہ اگر ٹاس ہمارے حق میں آتا تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، کیونکہ پچ بیٹنگ کے لیے کافی مشکل تھی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پہلی اننگز میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔
ایڈن مارکرام کا کہنا تھا کہ “امام الحق اور شان مسعود کی اننگز کے ساتھ ساتھ محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکتیں فیصلہ کن ثابت ہوئیں، جس سے پاکستان کو مضبوط پوزیشن ملی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے چیلنجنگ حالات کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور آخر تک فائٹ کی۔
“ہمیں معلوم تھا کہ میچ کے پہلے دن سے ہی گیند ٹرن کرے گی، لیکن لڑکوں نے پورے جوش اور جذبے سے مقابلہ کیا۔”
مارکرام نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹیم نئی حکمتِ عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
“ہم توقع کر رہے ہیں کہ کنڈیشنز لاہور جیسی ہی ہوں گی، اس لیے اگلے میچ سے قبل پوری تیاری اور پلاننگ کے ساتھ اتریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ کپتانی کسی دباؤ کا نام نہیں بلکہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے جسے وہ فخر کے ساتھ نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
