اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے صدرِ مملکت کو افغان طالبان حکومت کے حالیہ جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ان اقدامات کا بروقت، مناسب اور مؤثر جواب دیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور ہمہ وقت تیار رہنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدرِ مملکت نے افغان سرحد پر حالیہ سرحد پار حملوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں پسپا کرنے پر بھی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنے دفاع اور امن و استحکام کو یقینی بنائے گا۔
