واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے دورۂ امریکہ کے دوران سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد عبدالله عبدالعزيز الجدعان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور نجکاری کے عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) اور ملکی ہوائی اڈوں کی نجکاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نجکاری کے عمل کو شفاف اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، خصوصاً انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی منصوبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ کی خواہش ظاہر کی، جس پر سعودی وزیر خزانہ نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جاری اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استحکام دینے کے لیے پرعزم ہے۔
دونوں وزرائے خزانہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض روایتی دوستی تک محدود نہیں، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں آئندہ مزید وسعت دی جائے گی۔
