بھارتی حکومت نے امریکا کے دباؤ کے بعد روس سے تیل کی خریداری نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی ٹیرف پالیسیوں اور تجارتی دباؤ نے نئی دہلی کو بالآخر نرمی دکھانے پر مجبور کر دیا۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت کے روسی تیل خریدنے پر خوشی نہیں تھی، مگر اب معاملات طے پا گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق “مودی نے وعدہ کیا ہے کہ بھارت مستقبل میں روس سے تیل نہیں خریدے گا۔”
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک موقع پر دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ “میں نے مودی سے کہا تھا کہ اگر لڑائی نہ رکی تو دو سو فیصد ٹیرف لگا دوں گا، اور چوبیس گھنٹے میں جنگ ختم ہوگئی۔”
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائیں۔”
ٹرمپ کے بقول، وہ اب یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے بھی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ممکن ہے کہ روسی صدر پیوٹن کسی سمجھوتے پر آمادہ ہو جائیں۔
