فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان کسٹمز کے لیے ایک نیا ادارہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنز قائم کردیا ہے، جو محکمہ کسٹمز کی عوامی آگاہی، میڈیا رابطہ کاری اور تشہیری پالیسیوں کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔
اس ضمن میں ایف بی آر نے باقاعدہ ایس آر او نمبر 1954 جاری کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹوریٹ کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوگا اور یہ ممبر کسٹمز آپریشنز (ایف بی آر ہیڈکوارٹرز) کو براہِ راست رپورٹ کرے گا۔
نئے ادارے کا دائرہ کار ملک بھر کے ریجنل دفاتر تک پھیلا ہوگا جبکہ اس کے تحت تین کلیدی عہدوں پر تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنز ادارے کی قیادت کریں گے اور پاکستان کسٹمز کی اسٹریٹجک پالیسی، میڈیا حکمتِ عملی، عوامی آگاہی مہمات اور ڈیجیٹل موجودگی کے نگران ہوں گے۔
ایف بی آر کے مطابق نیا ڈائریکٹوریٹ:
محکمہ کسٹمز کی مثبت امیج بلڈنگ اور منفی خبروں کے تدارک کا ذمہ دار ہوگا۔
میڈیا ریلیشنز، پبلک ریلیشنز اسٹریٹجی اور معلومات کے مؤثر ابلاغ کے امور دیکھے گا۔
قوانین، پالیسیوں اور اصلاحات کے بارے میں عوام اور اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کرے گا۔
قومی سطح پر آگاہی مہمات، سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کرے گا۔
جعلی خبروں، گمراہ کن معلومات اور منفی میڈیا مہمات کے خلاف فوری ردعمل فراہم کرے گا۔
پاکستان کسٹمز کی آفیشل ویب سائٹ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل مواد کی نگرانی کرے گا۔
کسٹمز ہیلپ ڈیسک اور عوامی شکایات کے ازالے کا مربوط نظام تشکیل دے گا۔
ایس آر او کے مطابق ادارے کے قیام اور عمل درآمد میں ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک ایناملی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل کریں گے۔ کمیٹی 30 روز کے اندر ایف بی آر کو اپنی سفارشات پیش کرے گی تاکہ نیا ڈائریکٹوریٹ مکمل طور پر فعال اور مؤثر انداز میں کام شروع کرسکے۔
