اسلام آباد: شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اپنی تازہ ترین کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق 2025 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران پاکستان میں 2 کروڑ 54 لاکھ 48 ہزار 992 ویڈیوز کمیونٹی اصولوں کی خلاف ورزی پر حذف کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق، ملک میں کانٹینٹ ہٹانے کی شرح 99.7 فیصد رہی، جبکہ 96.2 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔
عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے اسی عرصے میں 18 کروڑ 90 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کیں، جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ ہونے والے کل مواد کا تقریباً 0.7 فیصد بنتی ہیں۔ ان میں سے 16 کروڑ 39 لاکھ ویڈیوز خودکار سسٹم کی نشاندہی پر حذف ہوئیں، جبکہ 74 لاکھ سے زائد ویڈیوز بعد میں جائزے کے بعد دوبارہ بحال کردی گئیں۔
مزید برآں، ٹک ٹاک نے اپنی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے 7 کروڑ 69 لاکھ جعلی اکاؤنٹس بند کیے، جبکہ 2 کروڑ 59 لاکھ اکاؤنٹس ایسے صارفین کے تھے جن کی عمر 13 سال سے کم ہونے کا شبہ تھا۔
ٹک ٹاک کے مطابق، یہ اقدامات پلیٹ فارم کو محفوظ، مثبت اور شفاف ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہیں۔ رپورٹ اور گائیڈ لائنز کی تفصیلات ٹک ٹاک کے ٹرانسپیرنسی سینٹر میں اردو اور انگریزی زبانوں میں دستیاب ہیں۔
