کراچی — ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جب کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔
آل پاکستان جویلرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 7 ہزار 538 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونا 6 ہزار 463 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 74 ہزار 967 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جو 151 روپے گھٹ کر 5 ہزار 110 روپے فی تولہ پر آگئی ہے۔
عالمی منڈی میں بھی سونا دباؤ میں رہا، جہاں فی اونس قیمت 85 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 150 ڈالر پر آ گئی۔ گزشتہ روز بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں 5.3 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جو اگست 2020 کے بعد سب سے بڑی یومیہ گراوٹ قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور عالمی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کی پوزیشن ایڈجسٹمنٹ اس کمی کی اہم وجوہات ہیں۔
