اسلام آباد: خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ یہ گاڑیاں اب بلوچستان حکومت کو فراہم کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ایک ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ “بلٹ پروف گاڑیاں فوراً بلوچستان بھیجی جا رہی ہیں، تاکہ صوبے میں انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔”
قبل ازیں سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی کہ چونکہ خیبر پختونخوا حکومت نے بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کیا ہے، اس لیے یہ گاڑیاں بلوچستان کے حوالے کی جائیں جہاں امن و امان کی صورتحال اب بھی چیلنج ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حال ہی میں وفاق سے موصول ہونے والی بلٹ پروف گاڑیوں کو “ناقص معیار” قرار دیتے ہوئے واپس کرنے کی ہدایت دی تھی۔
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کے پی حکومت کے مؤقف پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ “یہ گاڑیاں وزیراعظم کی ہدایت پر فراہم کی گئیں تھیں، مگر صوبائی حکومت سنجیدگی کے بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہے۔”
