اسلام آباد: اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسر ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر اپنے گن مین سے اسلحہ لے کر خود پر فائر کیا۔ شدید زخمی حالت میں انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں ایس پی انڈسٹریل ایریا کے طور پر تعینات تھے۔ واقعے سے کچھ دیر قبل وہ حاجی کیمپ کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔
اسلام آباد پولیس کے سرکاری اکاؤنٹ سے ان کی تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں، جن میں وہ حاجی کیمپ میں تعینات اہلکاروں سے ملاقات اور سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے نظر آرہے تھے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
