کراچی: پاکستان سے انڈوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تاریخ میں پہلی بار امریکا بھی انڈے درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
محکمۂ قرنطینہ حیوانیات کے مطابق، رواں مالی سال میں امریکا کو 23 لاکھ 70 ہزار ڈالر مالیت کے انڈے برآمد کیے گئے۔ مجموعی طور پر مالی سال 25-2024 کے دوران انڈوں کی ایکسپورٹ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔
پاکستان سے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، صومالیہ اور افغانستان سمیت کئی ممالک کو انڈے برآمد کیے جا رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق:
متحدہ عرب امارات کو 17 لاکھ 23 ہزار ڈالر
ہانگ کانگ کو 5 لاکھ 44 ہزار ڈالر
بحرین کو 32 لاکھ 950 ڈالر
کویت کو 31 لاکھ 654 ڈالر
صومالیہ کو 2 لاکھ 41 ہزار ڈالر
جبکہ افغانستان کو 10 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے انڈے بھیجے گئے۔
اس کے علاوہ پاکستان نے مائع شکل (Liquid Form) میں بھی انڈوں کی برآمدات بڑھا دی ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران 1169 میٹرک ٹن مائع انڈے برآمد کیے گئے، جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 ڈالر رہی۔
مائع انڈے زیادہ تر بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو بھیجے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 25-2024 میں پاکستان کی مجموعی انڈہ برآمدات 18 لاکھ 25 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی 14 لاکھ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
