ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں قسمت کی دیوی ایک شہری پر مہربان ہوگئی، جس نے ’لکی ڈے ڈرا‘ میں 100 ملین درہم کی بھاری رقم جیت لی۔
یو اے ای لاٹری حکام کے مطابق، خوش نصیب فاتح کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم سوشل میڈیا پر جاری ایک آڈیو کلپ میں نمائندہ کو فاتح کو جیت کی اطلاع دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی شہری نے حیرت سے صرف یہی کہا: “اوہ مائی گاڈ!”
بتایا گیا ہے کہ اس شخص نے ساتوں نمبر درست چن کر جیک پاٹ اپنے نام کیا۔ انعامی رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 ارب 65 کروڑ روپے کے برابر ہے۔
یو اے ای لاٹری سسٹم اماراتی حکومت کی منظور شدہ گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت کام کرتا ہے، جو 2023 میں قائم کی گئی تھی۔
’لکی ڈے ڈرا‘ ہر دو ہفتے بعد منعقد ہوتا ہے اور براہ راست نشر کیا جاتا ہے۔ اس اسکیم میں صرف 18 سال سے زائد عمر کے افراد حصہ لے سکتے ہیں جو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہوں۔