نیواڈا (امریکا):
امریکی ریاست نیواڈا میں ہونے والے 74ویں مِس امریکا مقابلے میں ریاست نبراسکا سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت ماڈل آڈی ایکرٹ نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کر لیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پورے امریکا سے 50 ماڈلز نے اس مقابلے میں حصہ لیا، جن میں سے 22 سالہ آڈی ایکرٹ نے اپنی اعتماد بھری شخصیت، بہترین جوابات اور متاثرکن کارکردگی کی بدولت ججوں کے دل جیت لیے۔
آڈی ایکرٹ پیشے کے لحاظ سے ایک سوشل میڈیا اور مارکیٹنگ کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہی ہیں، تاہم ماڈلنگ ان کا دیرینہ شوق ہے۔ وہ ماضی میں نبراسکا یونیورسٹی کی چیئر لیڈنگ ٹیم کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔
منتظمین کے مطابق آڈی ایکرٹ کا انتخاب مِس امریکا مقابلے کے ایک نئے دور کی شروعات ہے، کیونکہ پچھلے سال یوٹاہ سے منتخب ہونے والی نویئلا فوگٹ نے تاج حاصل کرنے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد مقابلے کے ضوابط میں کئی اصلاحات کی گئیں۔
نئی مِس امریکا آڈی ایکرٹ ڈیجیٹل سیفٹی اور آن لائن شعور سے متعلق مہمات میں بھی سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں، اور اب وہ یہ ذمہ داریاں مزید وسعت کے ساتھ نبھانے کا عزم رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ آڈی ایکرٹ 21 نومبر کو تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے مِس یونیورس 2025 مقابلے میں امریکا کی نمائندگی کریں گی۔