صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات جاری
اسلام آباد:
وفاقی حکومت کی جاری کردہ سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ 20 ماہ کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 3 جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 34 غیرملکی دورے کیے۔ دونوں اعلیٰ حکومتی شخصیات کے سفری شیڈول میں چین سب سے نمایاں رہا۔
دستاویزات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے مختصر دور اقتدار میں دو مرتبہ چین اور ایک بار ترکمانستان کا دورہ کیا، جن کا مقصد توانائی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف مارچ 2024 سے اکتوبر 2025 تک 34 ممالک کے سرکاری دورے کر چکے ہیں۔ انہوں نے سب سے زیادہ آٹھ دورے سعودی عرب کے کیے، جبکہ چین، امریکا اور مصر کے دو دو دورے کیے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں دو مرتبہ شرکت کی اور عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی کیں۔
مزید برآں، وہ ایران، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر، تاجکستان، ازبکستان، آذربائیجان، قازقستان، برطانیہ اور ملائیشیا سمیت متعدد ممالک کے سرکاری دورے کر چکے ہیں۔
سفارتی ماہرین کے مطابق صدر اور وزیراعظم کے یہ دورے پاکستان کے تجارتی، سفارتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
ان دوروں کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری، توانائی، تجارت اور علاقائی رابطوں سے متعلق کئی معاہدوں پر بات چیت بھی ہوئی۔