اسلام آباد میں وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کے اشتراک سے مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور سرکاری ڈیجیٹل تبدیلی پروگرام کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت پاکستان ٹیکنالوجی کے ذریعے روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ہر شہری کو بااختیار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میٹا حکومتِ پاکستان اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے دوران میٹا اے آئی نے اپنے پلیٹ فارم میں اردو زبان کے اضافے کا اعلان بھی کیا۔ اس پیش رفت کے بعد پاکستانی صارفین اب میٹا اے آئی سے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی گفتگو کر سکیں گے۔
شزہ فاطمہ نے اسے پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل شمولیت کے نئے دروازے کھولے گا اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو عوامی سطح تک لے جائے گا۔