ٹوکیو: امریکا اور جاپان نے نایاب معدنیات کے حصول اور باہمی تعاون کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے۔ معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم سنائے تکائچی نے ٹوکیو میں دستخط کیے۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر صدر ٹرمپ کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور عالمی امن کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ جاپانی وزیراعظم نے عالمی امن کے قیام میں صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہا اور اقتصادی و دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان دفاعی مذاکرات کے لیے امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ بھی جاپان پہنچ چکے ہیں، جو مشترکہ سیکیورٹی پالیسی اور خطے میں اسٹریٹیجک شراکت داری پر بات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم سنائے تکائچی نے صدر ٹرمپ کو امن کے فروغ کے لیے نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا۔
صدر ٹرمپ اپنے جاپان کے دورے کے بعد جنوبی کوریا کے شہر بوسان روانہ ہوں گے، جہاں وہ اپیک سمٹ میں شریک ہوں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ سمیت متعدد عالمی رہنما بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں امریکا اور چین کے صدور کی ملاقات بھی متوقع ہے۔