کراچی میں جدید اور خودکار فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد صرف تین دنوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر شہریوں کو مجموعی طور پر ساڑھے چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 12 ہزار 942 ای چالان جاری کیے گئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 7 ہزار 83، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار 456، اوور اسپیڈ پر 1 ہزار 920، سگنل کی خلاف ورزی پر 829، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 410 اور رانگ وے پر 78 چالان کیے گئے۔ اس کے علاوہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 49، کالے شیشے لگانے پر 35، اوور لوڈنگ پر 26، جبکہ غیر قانونی پارکنگ اور اسٹاپ لائن توڑنے پر 20، 20 چالان جاری کیے گئے۔ پولیس کے مطابق ون وے اور مسافروں کو بسوں کی چھت پر بٹھانے پر بھی 7 چالان جاری ہوئے، تاہم فینسی نمبر پلیٹ، ٹیکس کی عدم ادائیگی اور اچانک لائن تبدیلی جیسے جرائم پر کوئی ای چالان جاری نہیں کیا گیا۔