پاکستانی گلوکارہ نصیبو لعل نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ ماں نہیں بلکہ دادی بنی ہیں۔ چند روز سے مختلف پلیٹ فارمز پر خبریں زیرِ گردش تھیں کہ 56 سالہ نصیبو لعل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، حتیٰ کہ ان کی ایک تصویر شوہر اور نومولود کے ساتھ بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سرخ لباس میں بچے کو خوشی سے دیکھتی نظر آئیں۔ تاہم اب گلوکارہ نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور اعلان کیا کہ “الحمدللہ، میں دادی بن گئی ہوں۔” اس سے قبل نصیبو لعل نے اپنے پوتے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے بچے کے لیے خوبصورت اور منفرد نام تجویز کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں گلوکارہ اسپتال میں اپنے پوتے کی پیدائش کی خوشی میں عملے کے لیے اپنا مشہور گانا “کدی تے ہنس بول وے” گاتی دکھائی دیتی ہیں، اور مداح ان کے اس انداز کو بے حد سراہ رہے ہیں۔