اسلام آباد: 2025 کے گلوبل فیئر رپورٹ کے مطابق پاکستان کو دنیا کا پانچواں سستا ترین ملک قرار دیا گیا ہے جہاں عوامی ٹرانسپورٹ کے اخراجات انتہائی کم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں عوامی ٹرانسپورٹ کا ایک طرفہ کرایہ اوسطاً صرف 46 روپے ہے جبکہ ماہانہ پاس تقریباً 1,800 روپے میں دستیاب ہے، جو کہ ترقی یافتہ ممالک جیسے آئس لینڈ، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے مقابلے میں کئی گنا سستا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عوامی ٹرانسپورٹ کے اتنے کم اخراجات کی بدولت ملک کے لاکھوں شہریوں کو روزانہ کے سفر کے لیے قابلِ برداشت اور قابلِ اعتماد سفری سہولت حاصل ہے۔
یہ درجہ بندی پاکستان کے بڑے شہروں میں میٹرو بس، اورنج لائن، اور سستے رکشہ و بس نیٹ ورکس کی موجودگی کے باعث ممکن ہوئی ہے، جو عام شہریوں کے لیے نقل و حرکت کو آسان بناتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، عوامی ٹرانسپورٹ میں یہ سستی پاکستان کی شہری معیشت اور عوامی بہبود کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔
