نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی پورے پاکستان میں خودکار سیلف سروس مشینیں (Self-Service Kiosks) نصب کرے گا تاکہ شہریوں کے لیے شناختی کارڈ (CNIC) کی تجدید اور دوبارہ اجرائی کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
یہ اعلان ڈیٹا فیسٹ 2025 کے دوران کیا گیا، جس میں ملک کی معروف جامعات کے طلبہ، سرکاری و نجی ماہرین، محققین اور ڈیجیٹل پالیسی سازی سے وابستہ دیگر ماہرین نے شرکت کی۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق یہ ہائی ٹیک مشینیں شہریوں کو بغیر کسی عملے کی مدد کے اپنی تصاویر، فنگر پرنٹس اور دیگر معلومات خود اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس نظام کا مقصد عوام کو تیز، محفوظ اور مؤثر خدمات فراہم کرنا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کی 85 فیصد آبادی پہلے ہی نادرا کے قومی ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ ہے، جبکہ اتھارٹی باقی آبادی کو بھی رجسٹریشن کے دائرے میں لانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
مزید برآں، نادرا 256 موبائل رجسٹریشن وینز چلا رہا ہے جو ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جا کر شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول اور رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔
