پاکستانی پہلوان گلزار نے ترکی کے رفعت ای۔ گیداک کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 5-4 سے فتح حاصل کر کے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ گلزار نے آخری لمحات میں حریف کو فال پوزیشن میں لا کر مقابلے کا فیصلہ کن پوائنٹ حاصل کیا۔
فائنل میں ایران کے عامر علی آذر پیرا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے قازقستان کے رضابیک ائتموخان کو 5-0 سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا۔
تمغہ جیتنے کے بعد گلزار نے اس کامیابی کو پاکستان کی مسلح افواج کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت ملک کے محافظوں اور شہداء کے نام ہے جنہوں نے وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے صدر ارشد ستار نے گلزار کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تمغہ پہلوانوں کی سخت محنت کا ثمر اور پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے دیگر پہلوانوں کے لیے دن ملا جلا رہا۔ 74 کلوگرام کیٹیگری میں عنایت اللہ بحرین کے مگومدرسول اصلویف کے ہاتھوں شکست کھا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، جبکہ محمد عبداللہ کو 65 کلوگرام راؤنڈ آف 16 میں ازبکستان کے اُمید جان جلالوف نے 10-0 سے واضح شکست دے کر باہر کر دیا۔
