وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں اذان اور نماز کے یکساں اوقات نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کے مطابق یہ نظام یکم جنوری 2026 سے مؤثر ہو جائے گا۔
وزیر نے بتایا کہ اس منصوبے کا زیادہ تر کام ان کے گزشتہ دورِ وزارت میں مکمل ہو چکا تھا، جبکہ باقی مراحل اب حتمی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ نئے سال کے آغاز کے ساتھ دونوں شہروں میں ایک ہی شیڈول کے مطابق اذان اور نمازیں ادا کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس نظام کو بعد میں پورے ملک میں نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے علمائے کرام سے مشاورت جاری ہے تاکہ ملک گیر سطح پر یکسانیت لائی جا سکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس اقدام کا مقصد بڑے شہروں اور پھر پورے پاکستان میں نماز کے اوقات میں ہم آہنگی اور نظم پیدا کرنا ہے۔
