پاکستانی ایئر لائن ایئرسیال نے لاہور اور اسلام آباد سے ابو ظہبی کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے سفر کے نئے اور زیادہ آسان راستے فراہم ہو گئے ہیں۔
بدھ کے روز ابو ظہبی ایئرپورٹس کی جانب سے اس سروس کی باضابطہ تصدیق کی گئی، جس کے مطابق نئی پروازیں امارات میں رہنے والی بڑی پاکستانی کمیونٹی کے لیے سفر کو سہل بنائیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان سماجی و اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
ایئرسیال کی جانب سے لاہور سے ہفتہ وار تین جبکہ اسلام آباد سے ہفتہ وار چار پروازیں ابوظہبی کے زائد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک چلائی جائیں گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے کاروباری طبقے، طلبہ، خاندانوں اور مستقل سفر کرنے والے پاکستانیوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
افتتاحی پرواز میں مسافروں کو 12 منٹ کے اندر گیٹ سے باہر تک پہنچانے کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ زائد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود 160 سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس بھی انہیں بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
ابو ظہبی ایئرپورٹس کی سی ای او ایلینا سورلینی نے کہا کہ ان پروازوں کا آغاز ابو ظہبی کے کنیکٹیویٹی نیٹ ورک کو وسعت دینے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جو مختلف قومیتوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، خصوصاً پاکستانی کمیونٹی کو۔
ایئرسیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے اس موقع پر کہا کہ ابو ظہبی کے لیے براہِ راست سروس ایئرسیال کے لیے ایک بڑا قدم ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور خاندانی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔
سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے تعاون سے قائم ہونے والی ایئرسیال اپنی بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو تیزی سے وسعت دے رہی ہے اور ابو ظہبی کے وسیع تر عالمی کنیکٹیویٹی پلان میں ایک اہم شراکت دار بنتی جا رہی ہے۔
