Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سیاہ شیشوں والی گاڑیوں اور غیر معیاری نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر 18 چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کے مطابق کالی شیشے والی گاڑیاں یا غیر معیاری نمبر پلیٹس رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق یہ چیک پوائنٹس اہم داخلی و خارجی راستوں سمیت شہر کی مصروف شاہراہوں پر قائم کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کی جانچ کی جا سکے۔ ٹریفک وارڈنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کریں اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر سیکیورٹی کو بہتر بنانا، جرائم میں کمی لانا اور گاڑیوں کی شناخت کو مؤثر بنانا ہے۔ ان کے مطابق سیاہ شیشوں کا اکثر غلط استعمال کیا جاتا ہے جو نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ سنگین سیکیورٹی خدشات بھی پیدا کرتا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور اپنی گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کے مطابق رکھیں۔ حکام نے مزید بتایا کہ کریک ڈاؤن آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا اور ضرورت پڑنے پر اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates