پنجاب پولیس نے کولمبو میں منعقد ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گولڈ اور ایک سلور میڈل اپنے نام کر لیے۔
84 کلوگرام کیٹیگری میں انسپکٹر ارم خانم نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دو گولڈ میڈل حاصل کیے، جبکہ ماسٹرز-III ایونٹ میں ہیڈ کانسٹیبل مجید ڈوگر نے بھی دو طلائی تمغے جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
اسی ایونٹ میں کانسٹیبل عظیم گجر نے بھرپور مقابلے کے بعد سلور میڈل اپنے نام کیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے ایتھلیٹس کی کامیابی کو پوری فورس کے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میدان میں پاکستانی پرچم بلند کرنا ایک قابلِ تحسین اعزاز ہے۔ محکمہ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے افسران اور جوانوں کو کھیلوں کے شعبے میں مزید مواقع اور تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
