انٹرمیڈیٹ سطح پر داخلے کے لیے آرٹس اور سائنس گروپس کی پابندی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد میٹرک میں آرٹس کے طالبعلم اب پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، آئی سی ایس اور دیگر گروپس میں داخلہ لے سکیں گے۔
یہ اہم فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے 183ویں اجلاس میں کراچی میں کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ O/A لیول کے وہ طلبہ جنہوں نے دو بڑے سائنسی مضامین پاس کیے ہوں، انہیں سائنس گروپ میں مساوات (Equivalence) جاری کی جائے گی، نہ کہ ہیومینٹیز گروپ میں۔
IBCC کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کے مطابق یہ اقدام طلبہ کے لیے نئے راستے کھولنے اور ان رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے جو انہیں اپنی پسند کے شعبے چننے سے روکتی تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میٹرک سطح پر بھی آرٹس اور سائنس گروپس کو ختم کر کے ایک یکساں سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ اور لچکدار الیکٹیوز متعارف کرانے پر غور جاری ہے۔
ڈاکٹر ملاح نے تصدیق کی کہ O/A لیول طلبہ کے لیے نئی پالیسی کے مطابق مساواتی سرٹیفکیٹ جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ انٹرمیڈیٹ کے پہلے سال میں اوپن چوائس پالیسی کا آغاز آئندہ داخلہ سیشن سے ہوگا۔
یہ فیصلہ ہزاروں طلبہ کے لیے ایک اہم تبدیلی ہے، جو اب اپنی دلچسپی کے مطابق فیلڈ کا انتخاب زیادہ آزادی کے ساتھ کر سکیں گے۔
