آسٹریلیا کے سابق ورلڈ کپ فاتح کپتان ایرون فنچ نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو عالمی کرکٹ کے خطرناک ترین بولرز میں شامل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب شاہین اپنی ردھم میں آ جائیں تو کسی بھی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بگ بیش لیگ (BBL) کے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایرون فنچ کا کہنا تھا:
“شاہین شاہ آفریدی جب صحیح لائن اور لینتھ پکڑ لیتے ہیں تو وہ پوری بیٹنگ لائن اپ کو بکھیر سکتے ہیں۔”
شاہین شاہ آفریدی اس سال بگ بیش لیگ میں شرکت کرنے والے سات پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور وہ برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے۔ فنچ کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی سے نہ صرف ٹورنامنٹ کا معیار بلند ہوتا ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی میں بھی مدد ملتی ہے۔
ایرون فنچ نے اس موقع پر بابر اعظم کی بھی کھل کر تعریف کی۔ پاکستان میں بابر کے خلاف کھیلنے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
“میں نے پاکستان میں بابر اعظم کے خلاف کھیلا، اور انہیں آؤٹ کرنا تقریباً ناممکن تھا۔ اگرچہ پچھلے 18 ماہ میں وہ کچھ خاموش رہے ہیں، لیکن اپنی بہترین فارم میں وہ ایک عالمی معیار کے بلے باز ہیں۔”
فنچ نے محمد رضوان کی بھی توانائی اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں کہا:
“محمد رضوان وکٹوں کے پیچھے کبھی خاموش نہیں رہتے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ بے حد باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔”
آخر میں ایرون فنچ نے پاکستانی کرکٹرز کو عالمی سپر اسٹارز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آسٹریلوی کرکٹ اور بگ بیش لیگ کے لیے غیر معمولی قدر اور مسابقت لے کر آتے ہیں۔
