صادق آباد: پنجاب–سندھ سرحد کے قریب موٹر وے ایم فائیو کے نزدیک مسافر بس پر مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر کے 18 مسافروں کو اغوا کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پیر کی شب پیش آیا، جس میں بس ڈرائیور بھی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدا بہار کمپنی کی کوچ رات تقریباً 8 بجے صادق آباد سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئی۔ جب بس موٹر وے ایم فائیو کے قریب مریڈ شاخ کے علاقے میں پہنچی اور گڈو کی جانب مڑ رہی تھی، تو صادق آباد سے تقریباً 65 کلومیٹر کے فاصلے پر مسلح افراد نے گاڑی کو روک لیا۔
مبینہ طور پر کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے حملہ آوروں نے بس پر فائرنگ کی اور شیشے توڑ دیے۔ اس کے بعد انہوں نے تمام مسافروں کو بس سے اتارا اور مردوں کو عورتوں سے الگ کر دیا۔ بس میں سوار 25 مسافروں میں سے 18 مردوں کو اغوا کر لیا گیا، جبکہ خواتین کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
اغوا کار مسافروں کو قریبی کچے کے علاقے کی جانب لے گئے۔ واقعے کے دوران بس ڈرائیور گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور تعاقب شروع کیا، تاہم دشوار گزار علاقہ اور مناسب راستوں کی عدم دستیابی کے باعث مغویوں کو بروقت بازیاب نہ کرایا جا سکا۔
دریں اثنا، ایک الگ واقعے میں اوباڑو کے قریب بھی کوئٹہ جانے والی ایک مسافر بس پر مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کیا اور 19 مرد مسافروں کو اغوا کر لیا، جبکہ خواتین کو چھوڑ دیا گیا۔
بعد ازاں پولیس اور رینجرز نے سومانی کے علاقے میں مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا، جہاں مقابلے کے بعد 10 مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔ کچھ زخمی مسافروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق اغوا کاروں کی گرفتاری اور باقی مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
