کراچی: معروف سابق پاکستانی گلوکارہ، اداکارہ اور سماجی کارکن رابی پیرزادہ نے نجی تقریب میں شادی کر لی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا:
“دل کی گہرائیوں سے آپ سب کی دعاؤں کا شکریہ۔ بس ایک خیال ہے کہ اگر یہی دعائیں قرآن پاک مکمل کرنے کے لیے کی جائیں تو دل کو اور بھی زیادہ سکون ملے۔ دعا میں ہمیشہ دین کو دنیا پر ترجیح دینی چاہیے۔”
شادی کی تقریب میں رابی پیرزادہ نے سادہ مگر باوقار لباس زیب تن کیا، جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تقریب انتہائی نجی نوعیت کی تھی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
مہندی کی تقریب کی تصاویر اپنے ماموں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے لکھا:
“ماموں صرف ماں کے بھائی نہیں ہوتے، وہ ماں جیسی محبت، دوست جیسا سہارا اور دل جیسی سمجھ رکھتے ہیں۔”
جبکہ اپنے بھائی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
“بھائی وہ ہونا چاہیے جو دوست بھی ہو اور محافظ بھی۔ الحمدللہ، مجھے اپنے بھائی میں ایک سچا دوست ملا۔”
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ رابی پیرزادہ ماضی میں شوبز انڈسٹری میں بطور گلوکارہ اور اداکارہ کام کر چکی ہیں، تاہم چند سال قبل انہوں نے ذاتی اور مذہبی وجوہات کی بنا پر شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
شوبز سے کنارہ کشی کے بعد رابی پیرزادہ مصوری، فلاحی سرگرمیوں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ ہیں اور سادہ طرزِ زندگی کو ترجیح دے رہی ہیں۔ ان کی شادی کی تصاویر کو مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
