اسلام آباد: پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں عالمی ایوی ایشن ریٹنگ ایجنسی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تھری اسٹار ریٹنگ سے نواز دیا ہے۔ اس اعزاز کے ساتھ اسلام آباد ایئرپورٹ پاکستان کا پہلا تھری اسٹار ایئرپورٹ بن گیا ہے۔
عالمی درجہ بندی میں دبئی ایئرپورٹ کو بھی تھری اسٹار ریٹنگ دی گئی ہے، جبکہ پاکستان کے دیگر بڑے ہوائی اڈے اس سطح تک نہیں پہنچ سکے۔ لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ٹو اسٹار ریٹنگ دی گئی ہے۔
یہ درجہ بندیاں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ایئرپورٹ مینجمنٹ، صفائی، سروس کوالٹی اور مجموعی انتظامی معیار کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کی ریٹنگ میں بہتری جدید سہولیات، بہتر آپریشنل نظام اور مسافروں کے لیے فراہم کی گئی آسانیوں کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کی عالمی ساکھ کو بہتر بنائے گی بلکہ مستقبل میں دیگر ایئرپورٹس کی بہتری کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہو سکتی ہے۔
