پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسم کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 22 دسمبر کے دوران راولپنڈی، میانوالی اور بھکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ مری اور گلیات میں برفباری متوقع ہے۔ لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید موسم کے باعث بالائی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور آمدورفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
