پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے امتحانی نظام میں بڑی ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔
نئے منصوبے کے مطابق امتحانات میں ای مارکنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا تاکہ نتائج کی تیاری میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ امتحانی مراکز میں طلبہ کی حاضری کے لیے بایومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا، جس کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر حاضری ریکارڈ کی جائے گی۔
پنجاب ایگزامینیشن ٹاسک فورس کے چیئرمین مضمل محمود نے سما نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا عمل انسانی غلطیوں میں کمی اور نتائج کی تیاری میں شفافیت کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق منصوبے کا پائلٹ مرحلہ 2026 میں شروع کیا جائے گا، جس کا آغاز کمپیوٹر بیسڈ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات سے ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز میں بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے ڈیجیٹل حاضری کا نظام نافذ کیا جائے گا، جس کا مقصد نقالی اور جعلی امیدواروں کی روک تھام اور امتحانی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔
مضمل محمود کے مطابق یہ ڈیجیٹل اصلاحات آئندہ تین برسوں میں مرحلہ وار مکمل کی جائیں گی۔ اصلاحاتی پیکج کے تحت تمام تعلیمی بورڈز کے لیے ایک مرکزی سوالیہ بینک بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ امتحانی معیار میں یکسانیت اور بہتری لائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ڈیجیٹل اقدامات سے پنجاب کے تعلیمی بورڈز کا امتحانی نظام زیادہ مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد ہو جائے گا۔
