اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی قومی خدمات کو سراہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے، جو محبت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کی یاد دہانی کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا وژن مذہبی آزادی، برابری اور باہمی احترام پر مبنی تھا، جو آج بھی ہمارے قومی عزم کی بنیاد ہے۔
صدر نے سیاست، دفاع، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کرسمس اور نئے سال کی نیک تمنائیں پیش کیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے محبت، امن اور رواداری کا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی و معاشی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کو یکساں مواقع اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ کرسمس کا دن ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔
