پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں میں تدریسی معیار اور تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لیے صوبے بھر کے اساتذہ کے لیے کارکردگی پر مبنی الاؤنس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ الاؤنس پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو دیا جائے گا۔ الاؤنس کی رقم اساتذہ کے گریڈ اور کارکردگی کے مطابق 5 ہزار سے 12 ہزار 500 روپے تک ہوگی۔
اس اقدام کا مقصد اُن اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو تدریس میں سنجیدگی، محنت اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے اساتذہ میں پیشہ ورانہ لگن بڑھے گی اور تدریسی معیار میں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق بہتر تدریس براہِ راست طلبہ کے تعلیمی نتائج اور پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں کی مجموعی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالے گی۔
