Share This Article
اسلام آباد: وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔ اٹلی نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 10 ہزار 500 ملازمتوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کوٹہ آئندہ تین سال کے لیے دیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے۔ ان میں 1500 سیزنل جبکہ 2 ہزار نان سیزنل ورکرز شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی خصوصی درخواست پر اٹلی نے پاکستان کے لیے روزگار کا یہ کوٹہ مختص کیا۔ اٹلی کی جانب سے پاکستانیوں کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جہاں ہنرمند اور نیم ہنرمند پاکستانی ورکرز خدمات انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ اسٹاف، نرسنگ اور میڈیکل ٹیکنیشنز کے علاوہ فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں بھی پاکستانیوں کے لیے نوکریوں کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے باضابطہ طور پر نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کا کوٹہ مختص ہونا پوری قوم کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ دنوں میں یورپ کے مزید ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
