Share This Article
پنجاب حکومت نے آن لائن اور الیکٹرانک ذرائع سے عوام کو لوٹنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے اختیارات میں توسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 24 نیوز کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ڈیجیٹل اور الیکٹرانک مالیاتی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل سی سی ڈی ڈاکوؤں، راہزنوں، منشیات اسمگلرز اور جنسی جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کام کر رہا تھا، تاہم اب اسے آن لائن فراڈ، الیکٹرانک اسکیمز اور ڈیوائس کے ذریعے ہونے والے مالی جرائم کے خلاف بھی کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ ایسے مقدمات میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد کیا گیا ہے جن میں معصوم شہری اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق تنخواہ دار طبقہ اور کاروباری افراد ان جرائم کا خاص نشانہ بن رہے ہیں، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مستحقین بھی ان دھوکہ بازوں سے محفوظ نہیں رہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ منظم جرائم پیشہ گروہ قلیل مدتی اغوا میں بھی ملوث ہیں، تاہم ایسے کئی واقعات پولیس مقدمات میں تبدیل ہی نہیں ہو پاتے۔
حکام کا اندازہ ہے کہ یہ منظم گینگ آن لائن فراڈ، الیکٹرانک دھوکہ دہی اور دیگر متعلقہ جرائم کے ذریعے اربوں روپے ہڑپ کر چکے ہیں۔
نئے اقدامات کے تحت حکومت نے ان نیٹ ورکس کی مالی بنیاد کو نشانہ بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ منظم جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک افراد کی جائیدادیں اور اثاثے قانون کے تحت ضبط کیے جائیں گے، تاکہ ان کے نیٹ ورک کو توڑا جا سکے اور لوٹی گئی رقم کی وصولی ممکن ہو سکے۔
