پی ٹی سی ایل گروپ نے یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ میں 15 ارب روپے (تقریباً 53 ملین امریکی ڈالر) کی تازہ سرمایہ کاری کر دی ہے، جس کا مقصد بینک کے مالی استحکام کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل بینکنگ کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سرمایہ کاری سے یو بینک کی کیپیٹل ایڈی کویسی بہتر ہو گی اور بینک کو کم آمدنی والے طبقات، چھوٹے کاروباروں اور دیہی علاقوں تک مالی خدمات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سرمایہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور رسک مینجمنٹ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یو مائیکروفنانس بینک، جو پی ٹی سی ایل گروپ کا ذیلی ادارہ ہے، پاکستان میں مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ بینک مائیکرو لونز، بچت اسکیمیں اور برانچ لیس و موبائل بینکنگ خدمات فراہم کرتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کی یہ سرمایہ کاری اس کے وسیع تر وژن کی عکاسی کرتی ہے، جس کے تحت گروپ ٹیلی کام کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے شعبے میں بھی اپنے قدم مضبوط کر رہا ہے۔
