Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

این ڈی ایم اے کا جنوبی و وسطی پنجاب میں شدید دھند کا الرٹ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

این ڈی ایم اے کا جنوبی و وسطی پنجاب میں شدید دھند کا الرٹ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جنوبی اور وسطی پنجاب میں آئندہ تین روز تک شدید دھند کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال اور میاں چنوں میں شدید دھند متوقع ہے، جبکہ ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں اور وہاڑی میں بھی دھند کی صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بالائی سندھ کے علاقوں خصوصاً سکھر اور گرد و نواح میں رات اور علی الصبح دھند چھا سکتی ہے، جبکہ اسلام آباد میں بھی دھند کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ میں شدید کمی ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک حادثات کے خطرات بڑھ جائیں گے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈرائیور حضرات کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں، رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم سے متعلق تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates