اسلام آباد: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے مبینہ نئے مالک عارف حبیب کو حج و عمرہ ٹکٹس پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ویڈیو حقیقی نہیں بلکہ اے آئی ڈیپ فیک ہے۔
یہ ویڈیو مسلم لیگ (ن) لندن کے سینئر رہنما وحید نذیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے اردو میں لکھا کہ پی آئی اے کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا اور ہر سال غریب افراد کو عمرہ پیکج دیا جائے گا۔
ویڈیو میں عارف حبیب کی ایک انتہائی حقیقت سے قریب تر تصویر دکھائی گئی ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر پی آئی اے کے کاک پٹ میں بیٹھے ایک کارپوریٹ خطاب کے انداز میں عوامی فلاحی وعدے کرتے نظر آتے ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے جلد ہی ویڈیو میں موجود غیر فطری حرکات، آواز اور لب و لہجے کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے اے آئی سے تیار کردہ ڈیپ فیک قرار دے دیا۔ متعدد صارفین نے ویڈیو کو طنز اور مزاح کے طور پر لیا جبکہ کچھ نے نجکاری کے عمل پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔
اب تک پی آئی اے، عارف حبیب کی قیادت میں قائم کنسورشیم یا حکومت پاکستان کی جانب سے حج یا عمرہ ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت، مفت عمرہ پیکجز یا کسی بھی قسم کی سبسڈی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وائرل ویڈیو میں کیے گئے تمام دعوے محض پیروڈی اور جعلی مواد پر مبنی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور دعوؤں پر یقین کرنے سے پہلے مصدقہ ذرائع اور سرکاری بیانات کی تصدیق ضرور کریں، خصوصاً ایسے وقت میں جب اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی مواد تیزی سے پھیل رہا ہے۔
