Share This Article
اسلام آباد — پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دی گئی دعوت قبول کرتے ہوئے ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو غزہ میں پائیدار امن اور بحران کے حل کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے بُیان کے مطابق، وزیراعظم محمد شہباز شریف کو صدر ٹرمپ نے اس بین الاقوامی امن فورم میں شمولیت کی دعوت دی تھی، جسے پاکستان نے باہمی مشاورت اور اسٹریٹجک غور و خوض کے بعد قبول کیا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام غزہ میں مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی، اور علاقے کی دوبارہ تعمیر میں مدد دینے کے لیے ہے۔ وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ بورڈ کے تحت مستقل جنگ بندی، فلسطینیوں کی خودارادیت اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ اقدام اقوام متحدہ سلامتی کونسل قرار داد 2803 کے فریم ورک کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس میں پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے شروع کیے گئے اس بورڈ میں دیگر کئی ممالک بھی شامل ہو رہے ہیں، جس کا مقصد غزہ بحران کے سیاسی حل اور انسانی بہتری کے لیے عالمی رہنماؤں کے درمیان تعاون بڑھانا ہے۔
