یہ دن بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں، مارچ، سیمینارز اور خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ قومی اتحاد کی علامت کے طور پر مختلف مقامات پر انسانی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔
حکومت نے سرکاری اداروں اور میڈیا کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے آگاہی میں اضافہ ہو۔ اس سلسلے میں ٹیلی وژن اور ریڈیو پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جن میں کشمیر کی تاریخی اور موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی جائے گی۔
تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بڑے شہروں میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریلیوں اور عوامی اجتماعات کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ رہیں گے۔
سیاسی اور مذہبی رہنما مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیں گے۔
