اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولیس نظام سے متعلق ایک اہم فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایچ او (SHO) عوام کا خادم ہے، عوام اس کے نوکر نہیں۔ عدالتِ عظمیٰ نے پولیس افسران کے لیے “باخدمت جناب” جیسے الفاظ کے استعمال کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سرکاری افسران عوام کی خدمت کے لیے ہوتے ہیں، نہ کہ رعب و دبدبہ قائم کرنے کے لیے۔ سپریم کورٹ کے مطابق پولیس کلچر میں اصلاح ناگزیر ہے اور ایسے الفاظ جو افسران کو بالا دست ظاہر کریں، انہیں ختم کیا جانا چاہیے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ تھانوں میں عام شہریوں کے ساتھ عزت اور قانون کے مطابق برتاؤ ہونا چاہیے۔ عدالت نے واضح کیا کہ پولیس افسران کا رویہ عوام دوست ہونا چاہیے تاکہ قانون پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
قانونی ماہرین نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو عوامی حقوق کے تحفظ اور پولیس اصلاحات کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
