لاہور میں پانچ روزہ بسنت فیسٹیول کے دوران پتنگوں اور ڈور کی فروخت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ تفصیلات کے مطابق بسنت کے دوران ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی پتنگیں اور ڈور فروخت ہوئیں۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد نے بتایا کہ بسنت کے پانچویں روز دو لاکھ سے زائد پتنگیں اور ڈور جبکہ چار ہزار سے زیادہ چرخیاں فروخت کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ پاؤ کی ڈور ایک ہزار روپے، ایک پاؤ کی ڈور 600 روپے اور آدھا پاؤ 350 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ دو پیس کی چرخی کی قیمت 12 ہزار سے 15 ہزار روپے تک رہی۔
ملک فیضان احمد کے مطابق پانچویں روز پتنگوں کی قیمتوں میں اضافہ ضرور ہوا، تاہم مارکیٹ میں سامان کی دستیابی برقرار رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق بسنت کے پہلے روز 16 کروڑ روپے، دوسرے روز 18 کروڑ روپے، تیسرے روز 20 کروڑ روپے، چوتھے روز 68 کروڑ روپے سے زائد جبکہ پانچویں روز 38 کروڑ روپے سے زیادہ کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
بسنت کے موقع پر لاہور بھر میں تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے۔
