پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 8 فروری سے ملک کے مختلف حصوں میں وسیع پیمانے پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 8 فروری کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا اور 9 فروری تک بالائی علاقوں تک پھیل جائے گا۔
پی ایم ڈی کے مطابق بلوچستان میں 8 اور 9 فروری کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، ژوب، قلات اور گوادر سمیت متعدد اضلاع میں غیر یقینی موسمی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا میں 9 سے 10 فروری کے دوران بارش، گرج چمک اور بالائی اضلاع میں برفباری کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سفر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں 9 فروری کی شام سے 10 فروری تک بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں تیز ہوائیں یا گرد آلود طوفان آ سکتے ہیں۔ اس دوران لاہور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
یہ موسمی نظام گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی متاثر کر سکتا ہے، جہاں 9 اور 10 فروری کے دوران مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
سندھ میں 8 اور 9 فروری کو بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی اضلاع میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
