لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے پنجاب ٹیچرز یونین کے بینر تلے سیکرٹریٹ چوک میں دھرنا دیا اور پنشن و ریٹائرمنٹ مراعات کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی، جن میں خواتین اساتذہ بھی نمایاں طور پر شامل تھیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر پنشن اور لیو انکیشمنٹ سے متعلق سابقہ نوٹیفکیشن بحال کرے اور خاندانی پنشن کے پرانے قواعد کو دوبارہ نافذ کیا جائے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن اور رخصتوں کی نقد ادائیگی (لیو انکیشمنٹ) کے فوائد کو مکمل طور پر بحال کیا جائے۔
پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ رول 17-اے کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور صوبے بھر میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اساتذہ برادری اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج کر رہی ہے۔
مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات پر عملی اور واضح اقدامات نہیں اٹھاتی، دھرنا جاری رہے گا۔ یونین نمائندگان نے واضح کیا کہ اساتذہ اپنے حقوق کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
