حکومت خیبر پختونخوا کی Higher Education Regulatory Authority (HERA) نے صوبے بھر کے تازہ گریجویٹس کے لیے چھ ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
اشتہار کے مطابق، اتھارٹی نے اُن امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی ڈگری مکمل کی ہو۔ اس پروگرام کا مقصد خیبر پختونخوا کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اہلیت کے معیار کے تحت درخواست دہندگان کا ڈومیسائل خیبر پختونخوا ہونا لازمی ہے۔ تازہ گریجویٹس اپنی متعلقہ تعلیمی ادارے کی جانب سے جاری کردہ کورس کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو اشتہار کی اشاعت کے 15 دن کے اندر درخواست جمع کرانا ہوگی، جبکہ آخری تاریخ 5 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔ درخواست کے ساتھ مفصل سی وی، متعلقہ دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول اور دو حالیہ تصاویر منسلک کرنا لازمی ہوگا۔
درخواستیں چیئرمین، ہائر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (HERA)، آفس نمبر 46/A، سیکٹر B-2، فیز 5، حیات آباد، پشاور کے پتے پر ارسال کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ درخواست ای میل کے ذریعے hr@herakp.gov.pk پر بھی بھیجی جا سکتی ہے۔
HERA کے مطابق صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو سلیکشن کمیٹی کے ذریعے انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا، اور انٹرویو میں شرکت کے لیے کسی قسم کا سفری یا یومیہ الاؤنس (TA/DA) نہیں دیا جائے گا۔
منتخب ہونے والے انٹرنز کو حکومت خیبر پختونخوا کی منظور شدہ شرح کے مطابق ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ اتھارٹی نے یہ حق محفوظ رکھا ہے کہ وہ کسی بھی مرحلے پر بغیر کسی وجہ بتائے بھرتی کا عمل منسوخ کر سکتی ہے۔
